نئی دہلی11 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ملک کے 16 ریاستوں کی 58 راجیہ سبھا سیٹوں پر آئندہ 23 مارچ کو انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس دوران ذرائع کے حوالے سے خبر ہے کہ بی جے پی نے 5 اور راجیہ سبھا امیدواروں کے نام طے کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی اتر پردیش سے ڈاکٹر انل جین، جی وی ایل نرسمہا راؤ اور اشوک واجپئی کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ دے گی جبکہ سروج پانڈے کو چھتیس گڑھ اور شنکر اپا کو کرناٹک سے راجیہ سبھا امیدوار بنائے گی۔واضح ہوکہ بی جے پی اس سے پہلے اپنے 8 امیدواروں کے نام کا اعلان کر چکی ہے، پہلی لسٹ میں زیادہ تر نام مودی حکومت میں وزراء کے ہیں۔ بی جے پی نے مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو اتر پردیش سے راجیہ سبھا بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ مرکزی وزیر تھاورچند گہلوت مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا جائیں گے۔مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان، گجرات سے مرکزی وزیر منس کھود منڈاویا، پرشوتم روپالا کو راجیہ سبھا بھیجنے کا فیصلہ پارٹی نے کیا ہے۔ وہیں مرکزی وزیر جے پی نڈا کو ہماچل سے، روی شنکر پرساد کو بہار سے اور بھوپندر یادو کو راجستھان سے راجیہ سبھا بھیجا جا رہا ہے۔ذرائع کے حوالے سے آئی بی جے پی کی دوسری لسٹ میں چونکانے والا نام اشوک واجپئی کا ہے جو یوپی میں سماج وادی پارٹی سے قانون ساز کونسل ممبر تھے اور ایس پی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ واجپئی کے علاوہ یوپی سے جی وی ایل نرسمہا راؤ اور ڈاکٹر انل جین بھی بی جے پی کی جانب سے راجیہ سبھا کے امیدوار ہوں گے۔ اس میں مدھیہ پردیش سے آنے والے انل جین بی جے پی کے قدآور لیڈروں میں گنے جاتے ہیں۔ جین ہریانہ اور چھتیس گڑھ کے انچارج ہیں۔ وہیں جی وی ایل پارٹی کے قدآور ترجمانوں میں گنے جاتے ہیں۔ راؤ جنوبی بھارت سے آتے ہیں، اسی سال کرناٹک اسمبلی انتخابات ہیں اور 2019 میں لوک سبھا انتخابات ہے۔چھتیس گڑھ کی واحد راجیہ سبھا سیٹ کے لیے بی جے پی سروج پانڈے کو ٹکٹ دے سکتی ہے۔ ساتھ ہی شنکر اپا کو کرناٹک سے راجیہ سبھا کا ٹکٹ مل سکتا ہے۔راجیہ سبھا انتخابات کے لئے نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 12 مارچ ہے اور غلطی سدھارنے کی آخری تاریخ13مارچ ہے۔ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 15 مارچ ہے، جبکہ پولنگ 23 مارچ کو ہوگی۔